منگلورو،14/اپریل (ایس او نیوز) منگلورو کے مضافات میں واقع چمبوگُڈے کے رہائشی ایک شخص میں کورونا وائرس پوزیٹیو نکلنے کے بعد اس علاقے کے عوام سے اپنا طبی معائنہ کروانے کے لئے رکن اسمبلی یوٹی قادر نے مسجد کے مائک سے اپیل کی۔
انہوں نے عوام سے کہا کہ ایک ہفتے پہلے چمبو گڈے کے جس شخص کی رپورٹ پوزیٹیو نکلی ہے، وہ کئی مرتبہ چمبو گُڈے کی مسجد میں باجماعت نماز کے لئے شریک ہوچکا ہے۔ اس لئے مسجد میں اس کے ساتھ نماز اداکرنے والے، اس کے دیگر پڑوسی اور آس پاس کے عوام کے لئے ضروری ہے کہ وہ خود آگے بڑھ کر اپنا طبی معائنہ کروائیں۔
طبی جانچ کے لئے آئی ہوئی ٹیم کے لئے مسجد کے احاطے میں ہی انتظام کیا گیا تھا جبکہ سابق وزیر یوٹی قادر نے عوام کو آمادہ کرنے کے لئے خود اپنا بھی طبی معائنہ کروایا اور عوام کے دلوں سے خوف نکالنے کی کوشش کی۔ جس کے بعد عوام نے یوٹی قادر کی اپیل پر کان دھرتے ہوئے اپنی مرضی سے خود ہی مسجد کے احاطے میں پہنچ گئے اورآگے بڑھ کر اپنا معائنہ کروایا۔